قائد آباد میں جوئے سٹے کا بڑا نیٹ ورک، شہریوں کا احتجاج
کراچی(بولونیوز) تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود، قائد آباد کے علاقے میں بڑے پیمانے پر جوئے سٹے کا نیٹ ورک سرگرم عمل ہے، جس کے بارے میں مقامی شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ نیٹ ورک گلستان ٹاکیز سینما کے برابر والی گلی میں قائم ہے، جہاں لاکھوں روپے کے جوئے سٹے کی سرگرمیاں روزانہ جاری رہتی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور بعض اہلکار اپنا حصہ لے کر نوجوان نسل کو تباہی کی طرف راغب کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شریف بنگش اس جوئے سٹے کا مرکزی ڈان ہے، جس کی نسل سے یہ کاروبار علاقے میں قائم ہے اور طویل عرصے سے جاری ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ جواریوں کی بھیڑ کی وجہ سے علاقے میں خواتین کا گزرنا مشکل ہو گیا ہے، جبکہ جواریوں کے نشے میں شور و شرابہ اور گالم گلوچ روزمرہ کا معمول بن گیا ہے۔
علاقے کے عوام نے ایس ایچ او شاہ لطیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو جوئے سٹے سے پاک کیا جائے اور شریف بنگش کو گرفتار کیا جائے تاکہ عوام کو لاحق خطرات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


