عباسی شہید اسپتال میں انتظامی غفلت،بجلی کی خرابی سے پیڈز وارڈ مفلوج، بچوں کی زندگیاں خطرے میں

کراچی(بولونیوز)کے ایم سی کے سب سے بڑے اور اہم سرکاری اسپتال عباسی شہید اسپتال میں انتظامی غفلت، اختیارات کی جنگ اور تکنیکی مسائل نے صورتحال کو نہایت سنگین بنا دیا ہے۔ متعدد دنوں سے جاری بجلی کے فالٹس نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کو جزوی طور پر مفلوج کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیڈز وارڈ (بچوں کا وارڈ) اس صورتِ حال سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں بجلی کی خرابی کے باعث کئی انکیوبیٹرز، وینٹی لیٹرز اور دیگر لازمی طبی آلات کام چھوڑ گئے ہیں۔ نتیجتاً انتہائی نگہداشت میں موجود کم وزن اور نازک حالت کے بچوں کو وارڈ میں رکھنا ممکن نہیں رہا، جب کہ کئی مریض بچوں کو والدین کے ہمراہ دوسرے سرکاری اسپتالوں کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔

والدین نے انتہائی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کے سبب ان کے بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں، اور وہ شدید پریشانی کے عالم میں مختلف اسپتالوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسپتال کو کے الیکٹرک سے بجلی کی فراہمی جاری ہے، لیکن اندرونی نظام میں موجود پرانی وائرنگ اور تکنیکی خرابیوں کے باعث روزانہ فالٹس پیدا ہو رہے ہیں، جن کی مرمت میں انتظامیہ مسلسل ناکام دکھائی دیتی ہے۔

شہریوں اور متاثرہ والدین نے وزیرِ اعلیٰ سندھ، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال میں فوری ایمرجنسی اقدامات کیے جائیں تاکہ بچوں کی مزید جانیں خطرے میں نہ پڑیں اور اسپتال کا نظام بحال ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *