حکومت سندھ کراچی کو جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے پرعزم، شرجیل انعام میمن
کراچی(بولونیوز)حکومت سندھ کراچی کو نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کا سب سے جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ یہ بات وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں پر کام جاری ہے تاکہ کراچی کو ایک جدید، پائیدار اور شمولیتی شہر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے مجموعی طور پر 194 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس میں شاہراہِ بھٹو کوریڈور، ملیر ندی پل، انڈر پاسز اور فلائی اوورز شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور شہر میں آمد و رفت کی رفتار بھی بڑھے گی۔
شرجیل انعام میمن نے مزید بتایا کہ کراچی کے اہم منصوبوں پر کام مارچ تک شروع ہو جائے گا اور معیار و وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں 9 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی توسیع اور نئے میڈیکل کالجز کے قیام کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے ریڈ، ییلو اور اورنج لائن کے لیے 155.34 ارب روپے وقف کیے گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر منصوبہ اور ہر روپیہ کراچی کے باشندوں کی زندگیوں میں بہتری، سہولیات اور خوشحالی لانے کے لیے وقف ہے۔ حکمت عملی میں پائیدار انفرااسٹرکچر، معیاری تعلیم، صحت کی بہترین سہولیات، جدید ماس ٹرانزٹ، صاف پانی اور محفوظ ہاؤسنگ شامل ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ کراچی کے شہری ہر شعبے میں ترقی کی تبدیلی محسوس کریں اور شہر کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔


