گارڈن میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے بعد ہنگامہ آرائی

کراچی(بولونیوز) گارڈن میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت اور اس کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ آئی جی سندھ نے سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ شہری عبدالقادر میمن کے خلاف صوبے بھر میں کوئی مقدمہ درج نہیں۔

3 دسمبر 2025 کو عبدالقادر میمن نے اپنے وکیل سلمان مجاہد ایڈوکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقامی پولیس انہیں بلاوجہ ہراساں کر رہی ہے اور بے بنیاد مقدمات میں نامزد کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ آئی جی سندھ کو ہدایت کی جائے کہ وہ ریکارڈ پیش کریں کہ صوبہ سندھ میں عبدالقادر میمن کے خلاف کتنے مقدمات یا ایف آئی آرز درج ہیں۔

جسٹس بھمبھرو نے درخواست کی سماعت کے دوران آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔

آج عدالت میں آئی جی سندھ کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلی رپورٹ میں تصدیق کی گئی کہ عبدالقادر میمن کے خلاف سندھ بھر میں کوئی بھی مقدمہ درج نہیں اور نہ ہی وہ کسی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔

رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے آئینی درخواست نمٹا دی جبکہ پراسیکیوٹر جنرل کو ہدایت کی گئی کہ عبدالقادر میمن کو آئندہ کسی قسم کی ہراسانی کا نشانہ نہ بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *