سابق جج طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کا معاملہ، توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ملتوی

اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق جج طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کے معاملے پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

وائس چانسلر پروفیسر خالد محمود عراقی اور رجسٹرار پروفیسر عمران احمد صدیقی نے عدالت میں جوابی حلف نامے جمع کروا دیے۔ رجسٹرار جامعہ کراچی کے مطابق، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈگری کے معاملے پر پہلے ہی حتمی فیصلہ سنا دیا تھا اور توہین عدالت کی درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے۔

رجسٹرار نے مزید بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کے تین اکتوبر کے فیصلے کے بعد کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی اور جامعہ کراچی نے عدالتی احکامات کے مطابق کوئی نوٹیفکیشن یا اضافی ہدایات جاری نہیں کیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایچ ای سی کے ذریعے جامعہ کراچی کا ریکارڈ طلب کیا تھا اور ریکارڈ بغیر کسی ردوبدل عدالت میں پیش کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین احمد نے عدالت سے کہا کہ کیس فوری نوعیت کا ہے اور جلد سنا جائے۔ جسٹس یوسف علی سعید نے سماعت کے دوران کہا کہ آج اس بینچ کا آخری دن ہے اور سردیوں کی تعطیلات کے بعد سماعت دوبارہ روسٹر کے مطابق ہوگی۔

عدالت نے آئندہ سماعت تک حکم امتناع میں توسیع کر دی اور توہین عدالت کی درخواست کی سماعت سردیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *