جماعت اسلامی نےکراچی کے 13 مقامات پر دھرنوں کا اعلان کردیا
کراچی(بولونیوز)جماعت اسلامی نے کراچی میں بڑھتی ٹریفک اموات، خونی ڈمپر و ٹینکر، ای چالان کے نام پر مبینہ لوٹ مار، حکومتی بے حسی اور تباہ حال انفراسٹرکچر کے خلاف کل 19 دسمبر کو شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے رہنما توفیق الدین صدیقی کے مطابق احتجاجی دھرنوں کا آغاز کل شام 4 بجے سے ہوگا، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں ان دھرنوں میں شرکت کریں۔
توفیق الدین صدیقی نے کہا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، مگر حکومت اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ای چالان کے نام پر عوام کو لوٹا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
ان کے مطابق جماعت اسلامی کے دھرنے شہر کے مختلف 13 مقامات پر دیے جائیں گے جن میں اسٹارگیٹ شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، داؤد چورنگی، کورنگی کراسنگ، نورانی کباب ہاؤس چورنگی، تبت سینٹر، یونیورسٹی روڈ موسمیات، پاور ہاؤس چورنگی، حب ریور روڈ، پراچہ چوک شیر شاہ، ڈالمن مال حیدری نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد نمبر 10، سہراب گوٹھ اور اورنگی ٹاؤن نمبر 5 شامل ہیں۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان، نائب امراء کراچی، ضلعی اور مقامی رہنما احتجاجی دھرنوں سے خطاب کریں گے۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک کراچی کے شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں اور ہیوی ٹریفک کے باعث ہونے والی اموات کا سلسلہ نہیں رکتا، احتجاج جاری رہے گا۔


