پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی گھوٹکی میں مشترکہ کارروائی، 14 مغوی بازیاب

کراچی(بولونیوز)پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے اندرونِ سندھ ضلع گھوٹکی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے قبضے سے 14 مغویوں کو کامیابی سے بازیاب کرا لیا۔

تفصیلات کے مطابق 15 دسمبر 2025 کی شب صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس ’’صدا بہار‘‘ کو ضلع گھوٹکی کے علاقے اوباڑو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے روک کر 18 مسافروں کو بس سے اتار کر اغوا کر لیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے پولیس کے ساتھ فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کچے کے علاقوں کی جانب جانے والے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کر دی اور سرچ آپریشن شروع کیا۔

سرچ آپریشن کے دوران 14 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ ایک مغوی کی لاش جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر ملی، جس پر بظاہر تشدد کے کوئی آثار موجود نہیں تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص کی ہلاکت ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ علاوہ ازیں تین مغوی اپنی مدد آپ کے تحت اغواکاروں سے فرار ہو کر اپنے گھروں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

حکام کے مطابق اندھار اور لاٹھانی باکھرانی گینگ کے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں رینجرز کا ساتھ دیں۔ اس سلسلے میں رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جا سکتی ہے۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *