سڈنی واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی، 40 زخمی
سڈنی(بولونیوز)آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈائی بیچ پر ہونے والے فائرنگ واقعے میں ہلاک شدگان کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جو دورانِ علاج اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں 40 افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر کے علاج جاری ہے۔ حملہ آوروں کی گاڑی سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حملہ آور کی شناخت نوید اکرم کے نام سے ہوئی، جو سڈنی کا رہائشی تھا۔
واقعے کے دوران ایک شہری احمد ال احمد نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو قابو میں کیا اور اسلحہ چھین کر کئی افراد کی جانیں بچائیں۔ اس دوران احمد زخمی بھی ہوا اور اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ احمد دو بچوں کا باپ ہے۔
واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب ساحل پر یہودی تہوار منانے کے لیے دو ہزار سے زائد افراد موجود تھے، جس سے فائرنگ کے بعد افراتفری پھیل گئی۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر کے لوگوں کی محفوظ منتقلی یقینی بنائی۔
پولیس نے مزید ملزمان کی تلاش ختم کر دی ہے، اور تحقیقات کے مطابق دہشت گردانہ حملے میں ملوث دونوں شوٹر باپ بیٹا تھے، جن کی عمریں بالترتیب 50 اور 24 سال تھیں۔


