سندھ حکومت کی جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس کے خلاف سخت کارروائی، روٹ پرمٹس منسوخ کرنے کا حکم

کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پی ٹی اے سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس پر چلنے والی تمام گاڑیوں کے روٹ پرمٹس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں۔

شرجیل انعام میمن نے حکم دیا ہے کہ ایسی تمام گاڑیوں کا ریکارڈ محکمہ ٹرانسپورٹ کے لائیو پورٹل پر اپڈیٹ کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جائیں۔ انہوں نے پی ٹی اے سیکریٹری کو تین دن کے اندر کارروائی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ بعض ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کے فزیکل معائنے سے بچنے کے لیے ایجنٹس کے ذریعے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس حاصل کر رہے تھے، جو نہ صرف قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ عوامی تحفظ کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس کا استعمال صرف قانون شکنی نہیں بلکہ ایک سنگین جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹ نظام کو محفوظ، شفاف اور قانون کے مطابق بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

سینئر وزیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس غیر قانونی عمل میں جو بھی ملوث پایا گیا، چاہے وہ ٹرانسپورٹر ہو یا ایجنٹ، اس کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *