بار کونسل جڑانوالہ میں صوبائی وزیر قانون نےمختلف پراجیکٹس کا افتتاح کردیا
لاہور(بولونیوز)صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے تحصیل جڑانوالہ کا دورہ کرتے ہوئے تحصیل بار کونسل جڑانوالہ میں مختلف پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں کے تحت لائف جم کلب، کمیٹی روم، ڈسپنسری، ڈاکخانہ، چینج روم، واش روم اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر قانون نے لیڈیز بار روم کے قیام کے لیے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اور جڑانوالہ وکلاء چیمبرز کی فائل کی جلد از جلد منظوری کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی خدمت ان کا مشن ہے اور جدید سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ رانا محمد اقبال خان نے مزید کہا کہ جڑانوالہ ان کا اپنا شہر ہے اور یہاں کے وکلاء کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
تحصیل بار جڑانوالہ کے صدر چوہدری عرفان افضال نے صوبائی وزیر قانون کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی خان بہادر ڈوگر، راؤ کاشف رحیم، صدر بار ایسوسی ایشن فیصل آباد رائے سیف الرحمن بھٹی، جنرل سیکرٹری فضل عباس، آفتاب اکبر چوہدری سمیت دیگر موجود تھے۔


