کراچی میں ای چالان کے دوسرے مرحلے کا آغاز 19 دسمبر سے ہوگا

کراچی(بولونیوز)پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں ای چالان کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز 19 دسمبر سے کر دیا جائے گا۔ اس مرحلے میں جعلی اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

پولیس چیف کے مطابق جعلی نمبر پلیٹ لگانے والوں کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ 19 دسمبر سے شروع ہونے والی اس مہم میں محکمہ ایکسائز کی ٹیمیں بھی پولیس کے ساتھ شامل ہوں گی۔

اس موقع پر چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب نے کہا کہ شہریوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ اب کوئی بھی قانون کی گرفت سے چھپ نہیں سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید نظام کے تحت تمام خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے مزید بتایا کہ جن گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں پر قانونی نمبر پلیٹ موجود نہیں ہوگی، انہیں عارضی طور پر ضبط کر لیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قانونی تقاضے پورے کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *