مسائل کا حل طاقت نہیں، مذاکرات اور جمہوری طریقے میں مضمر ہے

لاہور(بولونیوز)جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک کے اس وقت کے نازک حالات میں ہمیں سقوط ڈھاکہ سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ ہمارے قائد علامہ شاہ احمد نورانیؒ نے اس وقت کے فوجی حکمران یحییٰ خان کو مشورہ دیا تھا کہ مشرقی پاکستان میں فوجی آپریشن نہ کیا جائے، بلکہ وہاں کے عوام کی شکایات کو دور کیا جائے اور انہیں ان کے جمہوری حقوق فراہم کیے جائیں۔ افسوس کے ساتھ کہا کہ اس مشورے پر عمل نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان دو لخت ہوگیا۔

صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ آج بھی ملک کے پیچیدہ اور گھمبیر مسائل کا حل اسی میں مضمر ہے کہ ہر مسئلہ کو طاقت کے ذریعہ حل کرنے کی بجائے مذاکرات اور جمہوری طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے حکومتی اور سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ مسائل کے حل کے لیے تحمل اور رواداری کے ساتھ آگے آئیں تاکہ ملک میں استحکام اور ترقی ممکن ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *