جامشورو میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغازہوگیا

جامشورو(بولونیوز)پورے ملک کی طرح ضلع جامشورو میں بھی قومی انسدادِ پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے کوٹری ڈی ایچ کیو اسپتال میں صبح کی اسمبلی کے دوران پولیو ورکرز کو ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 15 دسمبر سے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر کلیم شیخ کے ہمراہ پولیو مہم کے پہلے روز کوٹری کی یوسی ایچ ایم شورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو مہم کا جائزہ لیا اور خانہ بدوش خاندانوں کے بچوں کے پولیو اور حفاظتی ٹیکوں کے کارڈز بھی چیک کیے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ پولیو کے قطرے ہیں، اس لیے مہم کے دوران ضلع کے کسی بھی بچے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ آئندہ نسل کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور احمد، ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر برکت علی لغاری، چیف میونسپل آفیسر ایاز علی پنہور، پولیس اور ریونیو افسران کے علاوہ پولیو ورکرز بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ پولیو مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز اور ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

اس موقع پر این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر کلیم شیخ نے بتایا کہ تحصیل کوٹری کی یوسی ایچ ایم شورہ اور یوسی اللہ بچایو شورہ سمیت ضلع جامشورو کی تمام یونین کونسلز میں پولیو مہم باقاعدگی سے جاری رہے گی اور پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *