بیوی کے قتل کے مقدمے میں مجرم شوہر کو عمر قید اور جرمانے کی سزا

لاہور(بولونیوز)سیشن کورٹ لاہور نے بیوی کو قتل کرنے کے مقدمے میں مجرم شوہر مدثر کو عمر قید اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ قتل کیس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج اعجاز احمد بوسال نے سنایا۔

استغاثہ کے مطابق تھانہ شفیق آباد پولیس نے یہ مقدمہ سال 2024 میں درج کیا تھا۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر بلال نے عدالت کو بتایا کہ مجرم مدثر اور مقتولہ عائشہ کی شادی 13 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے ہاں تین بیٹیاں تھیں۔ ملزم بیٹیاں پیدا ہونے پر اکثر مقتولہ سے جھگڑا کرتا تھا۔

استغاثہ کے مطابق واقعے کے روز گھریلو تنازع کے دوران مجرم نے اپنی اہلیہ عائشہ کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے 14 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، جن کی شہادتوں اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور قتل جیسے سنگین جرائم کسی صورت قابلِ برداشت نہیں ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *