یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کا تنخواہیں اور پیکج ادا نہ کرنے پر شدید احتجاج
اسلام آباد(بولونیوز)یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے تنخواہیں اور پیکج ادا نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا، 11 ہزار سے زائد ملازمین کو تاحال پیکج نہیں ملا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز ورکرز الائنس کے سیکریٹری جنرل عارف شاہ نے کہا کہ تنخواہیں ادا ہوئیں نہ ہی پیکج ملا، ملازمین کسمپرسی کا شکار ہیں، نکالے گئے 11 ہزار سے زائد ملازمین کو تاحال پیکج نہیں ملا، ہزاروں ملازمین اپنے حقوق کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔
ورکرز الائنس کی جانب سے وزارت صنعت وپیداوار کے سیکریٹری سیف انجم کی اس معاملے میں عدم دلچسپی پر اظہار تشویش کیا گیا ہے۔
عارف شاہ نے کہا کہ فروری، اپریل اور ستمبر میں نکالے گئے ملازمین شدید مشکلات میں مبتلا ہیں جبکہ ملازمین کا کہنا ہے کہ 832 ریٹینی ملازمین کو اکتوبر اور نومبر کی تنخواہیں بھی ادا نہ ہو سکیں۔
ملازمین نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی اور کرپشن سے پیکج کی ادائیگی رکی ہوئی ہے، ذہنی دباؤ کے باعث 29 نکالے گئےملازمین انتقال کرچکے ہیں
اس سلسلے میں ملازمین نے وزیراعظم سے سیکریٹری اور ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جبکہ وزیراعظم سے پیکج کی فوری ادائیگی کیلئے سخت ہدایات جاری کرنے کی بھی اپیل کی۔
یوٹیلٹی اسٹورزملازمین نے کہا کہ کرپٹ بیوروکریسی نے منافع بخش ادارے کو تباہ کردیا، وزیراعظم کرپٹ افسران کا احتساب کرکے ملازمین کو حقوق دلائیں، ملازمین نے مطالبات پورے نہ ہونے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کی وارننگ دی۔


