کشمیر روڈ کے گرین بیلٹ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت، عدالت برہم
کراچی(بولونیوز)کشمیر روڈ کے گرین بیلٹ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے تمام فریقین کو چار ہفتوں کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ “کیا کوئی دیکھنے والا نہیں؟ کیا غیر قانونی تعمیرات روکنے والا کوئی نہیں؟” عدالت کے ان ریمارکس سے گرین بیلٹ پر ہونے والی تجاوزات پر شدید تشویش کا اظہار سامنے آیا۔
درخواست گزار کے وکیل ملک نعیم اقبال ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کوآپریٹو سوسائٹی خود اس معاملے میں درخواست گزار ہے اور اس نے پہلے ہی ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف تحریری درخواست دی تھی، تاہم متعلقہ ادارہ تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کر رہا۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایس بی سی اے کی عدم کارروائی کے باعث کشمیر روڈ کے گرین بیلٹ پر غیر قانونی تعمیرات میں اضافہ ہو رہا ہے، جو شہری ماحول اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت پر فریقین کے جوابات اور پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔


