پاکستان نے بین الاقوامی ٹیلی سرجری کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا

کراچی(بولونیوز) پاکستان نے طبی میدان میں ایک اہم اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی بار بین الاقوامی روبوٹک ٹیلی سرجری کامیابی سے انجام دے دی۔ یہ جدید سرجری کراچی کے لیاری جنرل اسپتال میں کی گئی، جو ملک کی صحت کی تاریخ میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

پاکستان میں پہلی روبوٹک ٹیلی سرجری کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچو نے کیا۔ اس جدید طبی اقدام کے تحت سرجری کراچی، کویت اور شنگھائی سے براہِ راست رابطے کے ذریعے انجام دی گئی، جس میں عالمی معیار کی جدید روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔

اس موقع پر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور مختلف طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اس تاریخی کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ کامیاب ٹیلی سرجری پاکستان میں جدید طبی سہولیات کے فروغ، بین الاقوامی تعاون اور مریضوں کو عالمی معیار کا علاج فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس پیش رفت سے مستقبل میں پیچیدہ سرجریز کے لیے بیرونِ ملک ماہرین کی خدمات پاکستان میں بیٹھے مریضوں تک پہنچانا ممکن ہو سکے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *