دن دیہاڑے ڈکیتی کے دوران شہری قتل، مقتول دو بیٹیوں کا باپ اور آن لائن رکشہ ڈرائیور تھا

کراچی(بولونیوز) کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں دن دیہاڑے ایک ڈکیتی کے واقعے میں محمد جمیل نامی رکشہ ڈرائیور کو مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ مقتول کے دو کمسن بیٹے اور بیٹییں ہیں، اور وہ آن لائن رکشہ چلا کر گھر کا چولہا جلا رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق واقعہ بلاک 3، دیوا کمپلیکس کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پہلے محمد جمیل سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔ بعد ازاں جب وہ دیگر سامان لینے کی کوشش میں مزاحمت کی، تو اسے سر میں گولی مار کر موقع پر ہی قتل کر دیا گیا۔

حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس، مددگار 15 اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے۔ مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 27 سالہ محمد جمیل ولد محمد بخش کے طور پر ہوئی، جو نارتھ ناظم آباد میں مقیم تھا اور اس کا آبائی تعلق ضلع لودھراں سے تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق محمد جمیل کسی سے دشمنی نہیں رکھتا تھا اور اس کا قتل خالصتاً ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ ہے۔

جائے وقوع سے 30 بور پستول کا ایک خول برآمد ہوا جبکہ مقتول کا پرس محفوظ ملا، جس میں پانچ ہزار روپے اور قومی شناختی کارڈ موجود تھے، لیکن موبائل فون غائب تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کے بعد ملزمان کو موقع سے فرار ہوتے دیکھا گیا ہے، اور پولیس نے ان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کر دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 85 تک پہنچ چکی ہے۔ مقتول کے اہلِ خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *