ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ ریسلر جان سینا نے ریسلنگ کو الوداع کہہ دیا
واشنگٹن(بولونیوز) ڈی سی میں ہونے والے ڈبلیو ڈبلیو ای کے سنیچر نائٹس مین ایونٹ میں لیجنڈری ریسلر جان سینا نے اپنے شاندار ریسلنگ کیریئر کو باضابطہ طور پر الوداع کہہ دیا۔
17 مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن جان سینا نے اپنے آخری مقابلے میں آسٹریا کے معروف اسٹار ریسلر گنتر کا سامنا کیا۔ مقابلہ انتہائی سنسنی خیز اور کانٹے دار ثابت ہوا، جہاں دونوں ریسلرز ایک دوسرے کو بھرپور ٹکر دیتے رہے۔ ایک مرحلے پر مقابلہ جان سینا کے حق میں جاتا ہوا دکھائی دیا، تاہم گنتر کے مسلسل اور سخت سلیپر ہولڈ کے سامنے جان سینا خود کو سنبھال نہ سکے۔
مقابلے کے اختتام پر جان سینا نے جذباتی انداز میں اپنے جوتے، آرم بینڈ اور کلائی بینڈز رنگ میں رکھ دیے، جو ریسلنگ کی دنیا میں ریٹائرمنٹ کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ اس لمحے پر شائقین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر اپنے پسندیدہ ریسلر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
جان سینا کا شمار ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے عظیم ترین ریسلرز میں ہوتا ہے، جنہوں نے برسوں تک ریسلنگ کی دنیا پر راج کیا اور دنیا بھر میں لاکھوں مداح بنائے۔


