وزیراعلیٰ سندھ کا بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا جائزہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کے اہم عوامی ٹرانسپورٹ منصوبے بی آر ٹی ریڈ لائن (لاٹ ون) کا سرپرائز دورہ کیا اور ملیر کیٹ سے نمائش ریڈ لائن تک جاری کام کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو منصوبے کی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں لاٹ ون کی مجموعی لمبائی 9.65 کلومیٹر، اسٹیشنز، فلائی اوورز، انڈر پاسز اور بس ڈپو سمیت دیگر ترقیاتی کاموں پر پیش رفت بتائی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کے معیار پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے اور مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ کراچی میں تیز، محفوظ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا اور شہر کی اقتصادی و سماجی زندگی میں انقلاب لائے گا۔
منصوبے کے تحت لاٹ ون میں سات جدید بس اسٹیشنز، تین انڈر پاسز اور دو فلائی اوورز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ٹِپُو سلطان انڈر پاس اور دیگر اسٹیشنز پر 30 سے 77 فیصد تک کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ بی آر ٹی کی ریجڈ پیومنٹ 65 سے 95 فیصد تک مکمل ہے۔ نکاسی آب، لینڈ اسکیپنگ اور دیگر معاون کام بھی جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ صرف تعمیراتی پروجیکٹ نہیں بلکہ کراچی کی خوشحالی اور شہری سہولت کی ضمانت ہے۔ انہوں نے وزیر بلدیات کو روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کرنے اور شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی مجموعی لاگت 13 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد ہے، جس میں فیز ون کی لاگت 12 ارب 81 کروڑ روپے اور فیز ٹو کی لاگت 97 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ فیز ون تعمیراتی کام یکم اکتوبر 2025 سے جاری ہے اور نظرثانی کے بعد ساڑھے چار سال میں مکمل ہونا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کو کراچی کی ٹریفک بہتری اور شہری سہولت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ روزمرہ زندگی میں سہولت، ٹریفک دباؤ میں کمی اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔


