وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کورنگی کازوے برج جنکشن منصوبے کا دورہ
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شاہراہِ بھٹو کے کورنگی کازوے برج جنکشن کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو منصوبے کی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق کورنگی کازوے برج جنکشن میگا پروجیکٹ کی مجموعی لاگت 1 ارب 89 کروڑ روپے ہے اور یہ سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کے تحت زیر تعمیر ہے۔ منصوبے میں چار لوپس اور چار سلِپ روڈز شامل ہیں، جن کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر جبکہ مین کیریج وے کی لمبائی 741.656 میٹر ہے۔ سلِپ روڈز کی مجموعی لمبائی 1427.160 میٹر ہے اور منصوبے کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ تعمیراتی کام یکم اکتوبر 2025 سے جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام مزید تیز کیا جائے اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ملیر ندی کے باعث کورنگی کازوے دوران بارش اکثر ڈوب جاتا ہے، مگر جنکشن مکمل ہونے کے بعد کورنگی، قیوم آباد اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کو روزانہ کی بنیاد پر منصوبے کی نگرانی کرنے اور کام کے دوران حفاظتی انتظامات اور متبادل راستوں کو مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔


