واٹس ایپ ہیک کے بڑھتے واقعات پر این سی سی آئی اے کی ایڈوائزری جاری
اسلام آباد(بولونیوز) واٹس ایپ ہیک ہونے کے بڑھتے واقعات کے پیشِ نظر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی صارف کا واٹس ایپ ہیک ہو جائے تو فوری طور پر واٹس ایپ دوبارہ انسٹال کریں۔ اگر اکاؤنٹ تک رسائی ممکن نہ ہو یا کسی قسم کا شبہ ہو تو فوراً دوبارہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق نئے واٹس ایپ پر لاگ اِن کرنے کے لیے اپنا موبائل نمبر درج کریں، جس کے بعد ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کا تصدیقی کوڈ موصول ہوگا۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ موصول ہونے والا کوڈ فوراً درج کریں۔
ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ کوڈ درج کرتے ہی ہیکر کے موبائل سے واٹس ایپ خود بخود لاگ آؤٹ ہو جائے گا، کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک موبائل فون پر ہی ایکٹیو رہ سکتا ہے۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری کارروائی کریں۔


