نواب ثناءاللہ زہری کا فیض حمید کے کورٹ مارشل فیصلے پر ردعمل
کوئٹہ(بولونیوز) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے جنرل فیض حمید کے خلاف جاری کورٹ مارشل کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری حکومت میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہنے کی وجہ سے ختم کی گئی۔
زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کو ہٹانے میں صرف فیض حمید اور ان کے ماتحت افسران کا ہاتھ نہیں بلکہ اس معاملے میں جنرل باجوہ بھی برابر کے شریک تھے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ بلوچستان کی منتخب جمہوری حکومت کو ہٹانے کے حوالے سے باجوہ، فیض حمید اور ان کے ماتحت افسران کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاسی انجینئرنگ کے تمام شواہد کے ساتھ فوجی عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہوں۔ انہوں نے عدالت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا: “سیاستدانوں کو موت کی سزا اور فیض حمید کو 14 سال قید با مشقت؟ یہ کیا دوہرا معیار ہے۔”
نواب ثناءاللہ زہری نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو دی جانے والی پانسی کی سزا کو سپریم کورٹ نے بھی دیکھا تھا، اس پس منظر میں انصاف کے عالمی معیار پر سوالات اٹھتے ہیں۔


