بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ‘‘ اور ’’مینا بازار انڈر پاس‘‘ عوام کیلیے کب کھل رہے ہیں

کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں سست روی کا شکار ریڈ لائن منصوبہ اور مینا بازار انڈر پاس کب کھل رہے ہیں اہم خبر آ گئی ہے۔

شہر قائد میں کئی تعمیراتی منصوبے جاری ہیں۔ ان میں بالخصوص بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ اور مینا بازار انڈر پاس سست روی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آج اپنی پریس کانفرنس میں جہاں کراچی میں تعمیراتی منصوبوں پر بات کرنے کے ساتھ مخالفین پر طنز کے تیر برسائے، وہیں انہوں نے طویل عرصے سے سست روی کا شکار بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے اور مینا بازار انڈر پاس سے متعلق خوشخبری بھی سنائی۔

میئر کراچی نے کہا کہ مینا بازار انڈر پاس کو فروری تک کھول دیا جائے گا۔ اس سے علاقے میں یوٹیلٹی کے مسائل حل ہوں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اس منصوبے سے متعلق مشکلات حل کر لی گئی ہیں اور تیزی سے کام جاری ہے۔ اس منصوبے کے حوالے سے عوام کو جلد اچھی خبر ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ بھٹو صرف کراچی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہے۔ کراچی کا ٹریفک شاہراہ بھٹو سے گزر کر ہی ملک بھر میں جائے گا۔

میئر کراچی نے جماعت اسلامی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی کے تمام ٹاؤنز جماعت اسلامی کے پاس ہیں، لیکن یہاں کام زیرو ہے۔ یہ علاقہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کا ہے، لیکن وہ یوسی چیئرمین منتخب ہونے کے بعد لاہور چلے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *