بھتہ خوری کے نیٹ ورک کے انکشافات، گرفتار ملزم ریحان عرف ڈاکٹر نے تفصیلات بتا دیں

کراچی(بولونیوز)پولیس کے مطابق ایس آئی یو کے ہاتھوں گرفتار ریحان الدین عرف ڈاکٹر نے دوران تفتیش شہر کے تاجروں اور دکانداروں سے بھتہ خوری کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔

ملزم ریحان عرف ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ جواد قادری عرف واجہ کے لیے کام کرتا ہے، جو کراچی میں بھتہ خوری کا سب سے بڑا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ اس نے انکشاف کیا کہ سنی تحریک کے مرکز قادری ہاؤس سے اسلحہ ملتا اور واپس وہیں جمع ہوتا تھا۔

ایم اے جناح روڈ پر واقع کار شوروم پر فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے ملزم نے بتایا کہ شوروم مالک سے بھتہ وصول کرنے کے لیے شاہزیب کو وہاں بھیجا گیا تھا۔ بھتے کی کل رقم 50 لاکھ روپے تھی، جس میں سے 25 لاکھ روپے وہ خود رکھتا اور باقی 25 لاکھ روپے خبر دینے والے کو دیتا تھا۔

ملزم کے مطابق صمد کاٹھیاواڑی کے کارندے نیو کراچی، جمشید روڈ، لانڈھی اور دیگر علاقوں میں رہتے ہیں اور 10 سے زائد بھتہ خور ہر وقت رابطے میں رہتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریحان عرف ڈاکٹر نے حلقہ این اے 238 سے قومی اسمبلی کے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن شکست کھائی۔ اس تفتیش سے شہر میں بھتہ خوری کے نیٹ ورک کی تفصیلات سامنے آئی ہیں اور مزید کارروائی جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *