اچھرہ صرافہ بازار میں مبینہ مالی فراڈ: 20 کلو سونا اور کروڑوں روپے غائب، 150 سے زائد تاجر متاثر

لاہور(بولونیوز)شہر کے معروف صرافہ بازار اچھرہ میں مبینہ طور پر ایک بڑے مالی فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ایک تاجر پر ساتھی سناروں سے بھاری مقدار میں سونا اور نقد رقم لے کر فرار ہونے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ تاجر شیخ وسیم اختر تقریباً 30 برس سے صرافہ کے کاروبار میں سرگرم تھے اور معتبر کاروباری شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ تاہم تین روز قبل انہوں نے واٹس ایپ پر صرافہ بازار کے مختلف گروپس میں پیغام دیا کہ ان کی بھابھی کا انتقال ہو گیا ہے اور وہ کراچی جا رہے ہیں۔

بعد ازاں جب ساتھی تاجروں نے رابطے کی کوشش کی تو ان کے تمام موبائل بند پائے گئے، جس سے شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ شیخ وسیم اختر نے لاہور میں اپنا کاروبار، دو مکانات اور گاڑیاں فروخت کر کے لاپتہ ہو گئے۔

متاثرہ تاجروں کے مطابق اس فراڈ سے تقریباً 150 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں 40 تاجر صرف اچھرہ صرافہ بازار سے ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس معاملے میں تقریباً 20 کلو سونا اور کروڑوں روپے غائب ہو چکے ہیں۔

اچھرہ صرافہ بازار کے صدر کاشف بٹ نے کہا کہ جو بھی شخص شیخ وسیم اختر کے بارے میں مصدقہ اطلاع فراہم کرے گا یا گرفتاری میں مدد کرے گا، اسے بڑا نقد انعام دیا جائے گا جبکہ مخبر کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

متاثرہ تاجروں نے اعلیٰ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور متاثرین کو ان کا نقصان واپس دلایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *