1122 کی سرکاری گاڑی کو ای چالان، ڈرائیور مشکلات کا شکار
کراچی(بولونیوز)ای چالان سسٹم کا ایک اور حیران کن واقعہ سامنے آ گیا، جہاں ایمرجنسی سروس 1122 کی سرکاری گاڑی کو 14 ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 1122 کے ڈرائیور مولا بخش کیریو ڈاؤ میڈیکل کالج سے ایک نازک حالت میں موجود مریض کو سول اسپتال منتقل کر رہے تھے کہ اس دوران ای چالان سسٹم کے تحت ان پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
ڈرائیور مولا بخش کیریو کا کہنا ہے کہ ان کی ماہانہ تنخواہ صرف 37 ہزار روپے ہے اور وہ اپنے گھر کے واحد کفیل ہیں۔ ان کے مطابق،
“یا تو بچوں کا خرچ پورا کروں، گھر کا کرایہ دوں یا 14 ہزار روپے کا چالان جمع کراؤں؟”
واقعے کے بعد عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ عوامی خدمت پر مامور ایمرجنسی اہلکاروں کو ایسی صورتحال کا سامنا کیوں کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ وہ انسانی جان بچانے کے فرائض انجام دے رہے ہوتے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام اس واقعے کا فوری نوٹس لیں، ایمرجنسی سروسز کو ای چالان سے استثنیٰ دینے کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور ڈرائیور کے ساتھ انصاف کیا جائے۔


