کراچی میں بیٹرمنٹ چارجز کی وصولی اور تقسیم پر سوالات

کراچی(بولونیوز)سندھ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں بیٹرمنٹ چارجز کی وصولی اور تقسیم کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے گزشتہ پانچ سال کے بیٹرمنٹ چارجز کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

محکمہ بلدیات کی جانب سے ایس بی سی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سال 2016 سے 2025 تک جمع ہونے والے بیٹرمنٹ چارجز کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائے۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کرنے کا کہا گیا ہے کہ بیٹرمنٹ چارجز کی رقم بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی)، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں میں کس طرح تقسیم کی گئی۔

محکمہ بلدیات نے تقسیم سے متعلق تمام بینک اسٹیٹمنٹس، رسیدیں اور باقاعدہ احکامات بھی طلب کر لیے ہیں، جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بیٹرمنٹ چارجز کی تقسیم کے قانونی فارمولے اور اس میں کی گئی تبدیلیوں کی وضاحت بھی مانگی گئی ہے۔

دستاویزات میں یہ بھی واضح کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی بھی عرصے میں بیٹرمنٹ چارجز کی رقم روکی گئی یا مکمل تقسیم نہیں کی گئی تو اس کی وجوہات بیان کی جائیں۔ اس کے علاوہ بیٹرمنٹ چارجز سے متعلق ہیڈز آف اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس بھی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بیٹرمنٹ چارجز کی موجودہ تقسیم کے فارمولے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے محکمہ بلدیات کو باضابطہ خط بھی لکھا تھا۔ مزید انکشاف ہوا ہے کہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بیٹرمنٹ چارجز کی تقسیم کے فارمولے ایک دوسرے سے مختلف ہیں، جس پر بھی محکمہ بلدیات کی جانب سے وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *