وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ بلجیئم، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

برسلز(بولونیوز) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بلجیئم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے برسلز میں بلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے داخلہ نے امیگرنٹس کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے دوطرفہ اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ ٹریننگ کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن ایک عالمی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے اقوامِ عالم کو مشترکہ حکمتِ عملی اور مربوط اقدامات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔

بلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن نے انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔

ملاقات کے موقع پر برسلز میں تعینات پاکستانی سفارتکار اور بلجیئم کی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *