وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پاکستان بار کونسل انتخابات میں ووٹ کاسٹ کر دیا
کراچی(بولونیوز)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں شرکت کرکے قانونی برادری کے جمہوری عمل کی بھرپور حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور آزادانہ بار انتخابات کے انعقاد کی اپنی ایک الگ اور اہم حیثیت ہے۔
واضح رہے کہ ضیاء الحسن لنجار نوابشاہ سے سندھ بار کونسل کے منتخب رکن بھی ہیں اور ایک سینئر قانون دان کی حیثیت سے ان کی پاکستان بار کونسل انتخابات میں شرکت پر وکلا برادری میں جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے انتخابات میں شرکت کو قانونی برادری کے جمہوری عمل پر اعتماد اور آئینی اداروں کے استحکام کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔


