نیپا واقعہ کے بعد پولیس الرٹ، گٹر کے ڈھکن چوری کرنے پر پہلا مقدمہ درج
کراچی(بولونیوز)نیپا واقعہ کے بعد پولیس الرٹ ہو گئی ہے اور شہر میں گٹر کے ڈھکن چوری ہونے پر پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بغدادی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹر کا ڈھکن چوری کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق 15 مددگار پر گٹر کا ڈھکن چوری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور احمد شاہ بخاری روڈ کے قریب چوری کے دوران آصف نامی شخص کو گٹر کے ڈھکن سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گٹر کے ڈھکن چوری کرنے والے افراد اور ان سے خریداری کرنے والوں کے خلاف بھی بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔


