متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی تارکین وطن کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان
متحدہ عرب امارات(بولونیوز)متحدہ عرب امارات نے عوامی تحفظ اور سماجی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا اعلان کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق یو اے ای میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملازمت دینے، رہائش فراہم کرنے یا کسی بھی قسم کی مدد کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا اور عوامی سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات کا تدارک کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کو پناہ یا روزگار دینے سے سیکیورٹی خدشات جنم لے سکتے ہیں، کیونکہ ایسے افراد بعض اوقات غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔
متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا خلاف ورزی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔


