لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت، عدالت کے اہم ریمارکس
کراچی(بولونیوز)لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایف بی ایریا سے لاپتہ ہونے والا ایک شہری بحفاظت گھر واپس پہنچ گیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ “شکر کریں شہری واپس آگیا ہے”۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دیگر دو لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اس موقع پر جسٹس عبدالمبین لاکھو نے سوال کیا کہ لاپتہ شہری کہاں کے رہائشی تھے اور ان کی تلاش کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ عدالت نے مزید استفسار کیا کہ کیا سی سی ٹی وی فوٹیجز دیکھی گئیں اور اہلِ علاقہ یا دیگر افراد سے معلومات حاصل کی گئیں؟
جسٹس عبدالمبین لاکھو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سب انسپکٹر کے رینک کا افسر لاپتہ افراد کے کیس کی مؤثر تفتیش نہیں کر سکتا۔ عدالت نے کیس میں تفتیشی افسر کو تبدیل کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو نیا تفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ معاملے کی ٹھوس اور جامع تحقیقات کرکے 15 جنوری کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔


