قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے والے شہری کے نام پر 23 لاکھ روپے سے زائد کے ٹریفک چالان

لاہور(بولونیوز)موٹرسائیکلیں قسطوں پر فروخت کرنے والے ایک شہری کے نام پر 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ٹریفک چالان جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سیف سٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ شہری کے نام پر 500 موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، جن پر مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں کے باعث سیف سٹی کی جانب سے اب تک 2 ہزار 71 چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے والا شہری گڑھی شاہو کا رہائشی ہے، جو 500 سے زائد موٹرسائیکلیں قسطوں پر فروخت کر چکا ہے۔ تاہم بیشتر خریداروں نے نہ تو موٹرسائیکلوں کی مکمل رقم ادا کی اور نہ ہی انہیں اپنے نام منتقل کروایا۔

سیف سٹی ذرائع کے مطابق چونکہ موٹرسائیکلیں تاحال دکاندار کے نام پر رجسٹرڈ ہیں، اسی لیے تمام ٹریفک چالان بھی اسی کے نام پر جاری ہو رہے ہیں۔

متاثرہ شہری نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قسطوں پر فروخت کی گئی موٹرسائیکلوں کے قانونی طریقہ کار کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اس قسم کے مسائل سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *