فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ

راولپنڈی(بولونیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ کیا۔ آمد پر انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اہم اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا اور فارمیشن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کی تعریف کی۔ انہوں نے ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی ماحول میں پھرتی، درستگی، صورتِ حال سے آگاہی اور بروقت فیصلہ سازی ناگزیر ہے۔

افسران اور جوانوں سے گفتگو کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے ان کے بلند حوصلے اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا، جبکہ سخت اور مشن پر مبنی تربیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج اندرونی و بیرونی چیلنجز، دشمن کی ہائبرڈ جنگ، انتہا پسند نظریات اور قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار اور مستعد ہے۔

اس سے قبل گوجرانوالہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *