ای چالان کے خلاف بس مالکان کی درخواست پر سماعت، عدالت کے سخت ریمارکس

کراچی(بولونیوز)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کے اجرا کے خلاف بس مالکان کی تنظیم کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل منصف جان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ای چالان کی وجہ سے کمرشل گاڑیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور مختلف بہانوں سے بسوں کے چالان کاٹے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ریمارکس دیے کہ اس شہر میں 40، 40 سال پرانی بسیں سڑکوں پر چل رہی ہیں جو عملی طور پر کھنڈر بن چکی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ایسی بسوں میں نہ تو مناسب بریکس ہوتی ہیں اور نہ ہی وہ سڑکوں پر چلنے کے قابل ہوتی ہیں، تو ایسی گاڑیوں کے چالان نہیں کاٹے جائیں گے تو پھر کیا کیا جائے۔

وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار خود بسیں نہیں چلاتے بلکہ بسیں فراہم کرتے ہیں، اور اگر حکومت انہیں مناسب گاڑیاں فراہم کرے تو وہ چلانے کے لیے تیار ہیں۔

جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے کہا کہ ای چالان سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے، اس لیے حکومت کا مؤقف آنے دیا جائے، پھر معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے لیے مخصوص عدالتوں کے قیام سے متعلق متعلقہ محکمے کا جواب موصول ہو چکا ہے، جس کی جانچ کے بعد سات یوم میں عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *