اعلیٰ سرکاری افسران کے اثاثے آن لائن جمع اور شائع کرنے کا نظام تیار
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت نے اعلیٰ سرکاری افسران کے اثاثے آن لائن جمع کروانے اور انہیں عوام کے لیے شائع کرنے کا جامع نظام تیار کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سال 2026 کے اختتام تک اعلیٰ افسران کے اثاثہ جات سرکاری ویب سائٹ پر عوامی دسترس میں ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے متعلق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اینٹی منی لانڈرنگ کے تقاضوں کے تحت وفاقی اور صوبائی افسران کے اثاثوں کی جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام اعلیٰ سرکاری افسران اپنے ملکی اور غیر ملکی اثاثے آن لائن جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ وفاق اور صوبوں کے تمام سول افسران کے اثاثہ جات کو بھی لازمی طور پر ڈیجیٹل کیا جائے گا۔
اثاثوں کی آن لائن اشاعت کے لیے پرائیویسی اور ڈیٹا پروٹیکشن سے متعلق مؤثر انتظامات شامل کیے جائیں گے، جبکہ رسک بیسڈ ویریفکیشن کا طریقہ کار بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ شفافیت اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ بینکوں کو اعلیٰ سرکاری افسران کے اثاثہ جات تک رسائی دی جائے گی، تاکہ اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کے تحت وفاقی و صوبائی افسران کے اثاثوں کی جانچ پڑتال ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ بینک سرکاری اداروں کے اہلکاروں کے اثاثوں کی بھی چھان بین کر سکیں گے۔


