موسیٰ خیل میں 8 افراد کو انگاروں پر چلانے کا واقعہ، وزیراعلیٰ بلوچستان کا نوٹس
کوئٹہ(بولونیوز) بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں چوری کے شبے میں 8 افراد کو دہکتے انگاروں پر چلانے کے واقعے کا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوٹس لے لیا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق واقعے میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ موسیٰ خیل میں ایک جرگے نے دکان میں چوری کے شبے میں 8 افراد کو سزا کے طور پر دہکتے انگاروں پر چلایا تھا، جس کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد شدید عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے انتظامیہ کو واقعے کی مکمل تحقیقات، متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی اور غیرقانونی جرگہ کلچر کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔


