سندھی کلچر ڈے ریلی میں گورنر کے خلاف نازیبا زبان کااستعمال

کراچی(بولونیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ 7 دسمبر کو سندھی کلچر ڈے کے نام پر کراچی کی مختلف شاہراہوں پر “ریاست کے اندر ریاست” قائم کی گئی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلی کے شرکاء نے سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، اسلحہ لہرا کر خوف و ہراس پھیلایا اور مختلف مقامات پر ہنگامہ آرائی کی، جو افسوس ناک اور شرمناک ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ریلی کے شرکاء کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے خلاف نازیبا اور غلیظ زبان استعمال کی گئی، حتیٰ کہ ان کی نسلوں کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ “آج یہ گورنر کے خلاف ہوا ہے، کل وزیراعلیٰ کے خلاف بھی ہو سکتا ہے۔ حکومت سندھ کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کو بھی اس واقعے پر کھل کر مؤقف دینا چاہیے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر حکومت گورنر کے ساتھ کھل کر نہیں کھڑی ہوئی تو سمجھا جائے گا کہ 17 سال پہلے بویا گیا بیج اب تناور درخت کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما نے مطالبہ کیا کہ قانون کی عمل داری کو یقینی بناتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہر میں بدامنی اور انتشار کے واقعات کو روکا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *