گیس لوڈشیڈنگ ختم، صبح 5 سے رات 10 بجے تک بلا تعطل گیس فراہمی کا فیصلہ

لاہور(بولونیوز)سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اب گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک مسلسل گیس دستیاب رہے گی۔

سوئی ناردرن کے حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں گیس وافر مقدار میں موجود ہے، لہٰذا اس سال گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ اس سلسلے میں کمپنی کے سینئر جنرل منیجر (GM) سیلز نے تصدیق کی کہ گھریلو صارفین کو ترجیح دیتے ہوئے گیس کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صارفین گیس کے استعمال میں احتیاط کریں، ضرورت کے مطابق استعمال کریں اور اسے ضائع ہونے سے بچائیں۔

جی ایم سیلز نے مزید بتایا کہ صارفین کی سہولت کے لیے گیس فراہمی کا نیا شیڈول واپس لے لیا گیا ہے۔ پہلے جاری کیے گئے شیڈول میں دسمبر تا فروری تین اوقات میں وقفے وقفے سے گیس فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم مینجمنٹ نے اسے منسوخ کر کے مسلسل فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کی ضروریات کو ترجیح دینا ان کی اولین پالیسی ہے اور موسمِ سرما میں بھی گیس کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *