10 سالہ نابینا پاکستانی بچے محمد ابوبکر کی عالمی قرأت مقابلے میں شاندار کامیابی
کراچی(بولونیوز) پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے 10 سالہ نابینا بچے محمد ابوبکر نے انڈونیشیا میں ہونے والا بین الاقوامی قرأت مقابلہ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔
جکارتہ میں رابطہ عالمِ اسلامی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ’تحفیظ و قرأت‘ کے عالمی مقابلے میں مختلف اسلامی ممالک کے طلبہ نے شرکت کی، جہاں محمد ابوبکر نے اپنے شاندار تلفظ، لہجے اور حسنِ قرأت سے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
رپورٹس کے مطابق ابوبکر کے والد کراچی کی ایک مسجد میں خادم کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں، جبکہ ابوبکر کم عمری کے باوجود حفظِ قرآن مکمل کرچکے ہیں۔
پاکستان بھر میں اس کامیابی کو سراہا جا رہا ہے اور محمد ابوبکر کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو ملک کا قابلِ فخر اثاثہ قرار دیا جا رہا ہے۔


