گورنر راج لگا تو خیبرپختونخوا کا ہر چوک ڈی چوک بن جائے گا، محمود خان اچکزئی
پشاور(بولونیوز) تحریک انصاف کے زیرِ اہتمام پشاور میں منعقدہ جلسے میں مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے خطاب کیا، جبکہ تحریک تحفظِ آئین پاکستان نے قومی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک قومی کانفرنس بلائی جائے جس میں ججوں، جرنیلوں، سیاستدانوں اور علما کو ایک ساتھ بٹھایا جائے اور پاکستان کی خاطر سب کو معاف کر دیا جائے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی ممکنہ نفاذ کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ “اگر گورنر راج لگایا گیا، تو خیبرپختونخوا کا ہر چوک ڈی چوک بن جائے گا۔”
مہمان مقررین میں علامہ ناصر عباس، سابق اسپیکر اسد قیصر، شاہد خٹک، مینا خان، تیمور سلیم جھگڑا، عاطف خان، مصطفیٰ نواز کھوکھر، شیر علی ارباب اور معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان بھی شامل تھے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ “حق و باطل کی جنگ کا آخری مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان اور عمران خان جمہوری قوتیں ہیں، ہماری تحریک سے ان کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق آئین توڑنے والا فرد سیکورٹی رسک ہے، جبکہ وہ قومیں ترقی کر رہی ہیں جنہوں نے جنگ کا راستہ ترک کیا ہے۔ ان کے مطابق ملک کو جنگی جنونیت سے باہر نکالنا ضروری ہے۔


