چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب

اسلام آباد(بولونیوز) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے اہم خطاب کیا، جس میں ملکی دفاع، اسٹریٹیجک اقدامات اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز کا قیام ملکی دفاعی نظام میں ایک بڑی اور تاریخی تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے تناظر میں ضروری ہے کہ پاکستان ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد اور مربوط نظام کے تحت مزید مضبوط بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سروس اپنی انفرادی شناخت اور آپریشنل خود مختاری برقرار رکھے گی جبکہ ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر تینوں افواج کے آپریشنز کو ہم آہنگ اور مربوط کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بالا کمانڈ کی یکجہتی بھی برقرار رہے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی خود فریبی یا غلط فہمی میں نہ رہے، “اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔”

انہوں نے افغانستان میں قائم طالبان حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طالبان رجیم کے پاس صرف دو میں سے ایک انتخاب باقی ہے:
“یا فتنۂ آلِ خوارج، یا پھر پاکستان—دونوں نہیں!”

چیف آف ڈیفنس فورسز نے اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم کسی کو بھی اس کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ قابلیت، جذبے اور یکجہتی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کا دفاع ہر صورت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *