ضلع انتظامیہ حیدرآباد کی آگاہی ریلی، کرپشن کے خلاف متحد رہنے کا عزم
حیدرآباد(بولونیوز)عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے شہباز بلڈنگ سے آگاہی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کی۔ ریلی میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے ریلیاں اور آگاہی مہمات معاشرے میں کرپشن کے خلاف مضبوط پیغام دینے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں اُن عناصر کے لیے مؤثر رکاوٹ ثابت ہوں گی جو بدعنوانی کو فروغ دیتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ:
“ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، اتحاد سے کام لیں گے تو معاشرے میں بہتری ضرور آئے گی۔ آج کی ریلی کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ ہم کرپشن کے خلاف متحد ہیں۔”
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیدرآباد زون شفاعت علی مرزا نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ تمام محکمے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ایک مؤقف پر متحد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ جدوجہد ہی کرپشن کے خاتمے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
شفاعت علی مرزا کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن وہ فورم ہے جہاں عوام بدعنوانی کے خلاف شکایات درج کرا کے عملی کارروائی کا آغاز کروا سکتے ہیں۔
ریلی میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی اور کرپشن سے پاک معاشرہ قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


