کے پی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک
پشاور(بولونیوز) خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں وژن “عزمِ استحکام” کے تحت کی گئیں، جس کا مقصد ملک بھر سے دہشت گردی کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مہم اسی عزم کے ساتھ جاری رہے گی اور ملک میں قیامِ امن کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد حملوں اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔


