وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں انسدادِ منشیات، سیکیورٹی تعاون اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے انٹیلیجنس شیئرنگ اور انسدادِ منشیات کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

امریکی سفیر نے پاکستان کو انسدادِ منشیات اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف اقدامات میں ہر ممکن تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی واضح پالیسی غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام ہے اور ایئرپورٹس پر منشیات کی نشاندہی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکیننگ مشینیں نصب کی جا رہی ہیں جبکہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ افغانستان سے منشیات اب بھی دنیا کے درجنوں ملکوں تک پہنچ رہی ہیں جو نوجوان نسل کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے امریکہ کی ٹیکنیکل سپورٹ کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر نیشنل نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر جلد قائم کیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران اے این ایف کی کارکردگی اور جاری آپریشنز پر بریفنگ بھی دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سالانہ کاؤنٹر نارکوٹکس مہم کے تحت 134 ٹن منشیات ضبط, 2001 ملزمان گرفتار کیے گئے جن میں 75 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جبکہ ضبط شدہ منشیات کی مالیت 12.797 ارب ڈالر بنتی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ میں کارروائیوں کے دوران 110 افغان شہری گرفتار اور 40,659 ایکڑ رقبہ کلیئر کر کے پاپی فری اسٹیٹس کو برقرار رکھا گیا۔

قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک ہر شعبے میں تعاون جاری رکھیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک–امریکہ تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہیں اور پاکستان ان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی اے این ایف، ڈائریکٹر انفورسمنٹ، امریکی سفارتخانے کے نمائندے اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *