کورنگی میں پولیو وائرس کی موجودگی تشویشناک قرار،بچوں کو لازمی قطرے پلائیں

کراچی(بولونیوز)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ضلع کورنگی میں پولیو وائرس کے شواہد کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ ہر بچہ محفوظ ہوسکے۔

ڈپٹی میئر کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی میں انکاری کیسز بدستور موجود ہیں جو پولیو کے خاتمے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، والدین تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی مہم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کرسکتا ہے، اس لیے اس کے خاتمے کے لیے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔

سلمان عبداللہ مراد نے پولیو ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیمیں مشکل حالات کے باوجود عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، شہری ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ہر گھر کے دروازے پر آنے والی ٹیم کا خوش اسلوبی سے استقبال کریں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کے بھرپور تعاون سے ہی کراچی کو پولیو فری شہر بنایا جاسکتا ہے، پولیو کا خاتمہ ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کی حفاظت ہے۔ ڈپٹی میئر نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس قومی مہم میں اپنی ذمہ داری پورے جذبے کے ساتھ ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *