عالمی یومِ مٹی پر وزیراعلیٰ سندھ کا پیغام: “مٹی کا تحفظ دراصل آنے والی نسلوں کا تحفظ ہے
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ مٹی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی بقا براہِ راست مٹی سے جڑی ہے، کیونکہ دنیا کی 95 فیصد غذا مٹی سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادیِ سندھ کی مٹی سونے کی مانند ہے اور صوبائی حکومت مختلف سرسبز منصوبوں کے ذریعے اس کی زرخیزی بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ عالمی یومِ مٹی 2025 کا موضوع “صحت مند شہروں کے لیے صحت مند مٹی” رکھا گیا ہے، جو شہری ماحول کے تحفظ کے لیے مٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ان کے مطابق “مٹی صحت مند ہوگی تو شہر زیادہ محفوظ، سرسبز، صاف اور مضبوط بنتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور انسانی سرگرمیوں نے مٹی کی صحت کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ پائیدار شہری منصوبہ بندی نہ صرف سیلاب کے خطرات کم کرتی ہے بلکہ درجہ حرارت کو بھی معتدل رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ مراد علی شاہ نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ شہروں میں سیمنٹ زدہ زمین گرمی اور آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت شہری ماحولیاتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے گرین اسپیسز میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “شہروں کی ترقی صرف بلند عمارتوں سے نہیں بلکہ مٹی کو محفوظ رکھنے سے بھی جڑی ہے۔”
اپنے پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ مٹی کی صحت کاربن ذخیرہ کرنے اور ماحولیاتی تحفظ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مٹی اور ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
مراد علی شاہ نے ماحول دوست اور لچکدار شہروں کی تعمیر کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مٹی کے تحفظ کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔


