کراچی میں 4 گھنٹے کے دوران ہیوی ٹریفک نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا
کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں چار گھنٹے کے دوران ہیوی ٹریفک نے دو موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا اور ڈرائیور فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث چار گھنٹوں کے اندر دو موٹرسائیکل سوار حادثات کا شکار ہو گئے۔کشمیر روڈ پر ایک پرائیویٹ ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹینکر سمیت فرار ہو گیا۔
اسی دوران سائٹ ایریا میں پل پر ایک ٹریلر کی ٹکر سے بھی موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوا اور حادثے کے بعد ٹریلر کا ڈرائیور بھی فرار ہو گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں حادثات کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
حکام نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔


