پاک بحریہ کی سری لنکا میں امدادی سرگرمیاں تیسرے روز بھی جاری
اسلام آباد(بولونیوز)پاک بحریہ کی جانب سے سری لنکا میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے شروع کیا گیا ریسکیو مشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔ پاک بحریہ کے جہاز پر موجود ہیلی کاپٹر نے امدادی کارروائی کے دوران پانچ دن سے پھنسے ایک خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ متاثرہ خاندان میں 7 ماہ کا بچہ بھی شامل تھا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مقامی انتظامیہ کے تعاون سے اونچے اور تیز سیلابی پانی میں گھرے شہریوں کو ان کی چھتوں سے نکال کر ریسکیو کیا گیا۔ پاک بحریہ کا جہاز سیف سری لنکا میں تعیناتی کے دوران سیلاب متاثرین کے لیے امدادی و ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی یہ انسانی ہمدردی پر مبنی سرگرمیاں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گہری دوستی، علاقائی تعاون اور یکجہتی کے عزم کی عکاس ہیں۔


